ممتاز مفتی کے سفر حج کی داستان پر مشتمل ”لبیک“ منفرد حیثیت و اہمیت کی حامل کتاب ہے۔ یہ ایک باغی شخص کی قلبی واردات ہے جو اسرار کھولنا چاہتا ہے، پردہ اٹھانا چاہتا ہے۔ اس سفر حج میں ممتاز مفتی ہر لمحہ قاری کو اپنا ہمنوا بنائے رکھتے ہیں۔ یہ سفر نامہ رپورتاژ کہلایا جا سکتا ہے کیونکہ خود مصنف نے اسے رپورتاژ کہا ہے۔ سفر نامے اور رپورتاژ میں بنیادی فرق یہ ہے کہ سفر نامے میں سفر بنیادی شرط ہے جبکہ رپورتاژ میں روحانی، ذہنی اور جذباتی سفر کی زیادہ اہمیت ہے۔ لبیک ممتاز مفتی کی سب سے زیادہ مشہور کتاب ثابت ہوئی جس پر مختلف طبقات کی جانب سے تنقید بھی ہوتی رہی ہے لیکن اس کتاب کی باز گشت آج بھی ادبی حلقوں میں سنائی دیتی ہے۔