“اپنا گریباں چاک” جسٹس جاوید اقبال کی مشہورِ زمانہ آپ بیتی ہے۔ جسٹس جاوید اقبال علامہ محمد اقبال کے فرزند تھے، انہوں نے اس کتاب میں اپنے خاندان اور اپنے والد علامہ محمد اقبال کے بارے میں دلچسپ معلومات دی ہیں۔ بعض جگہوں پر اپنے والد کی کچھ باتوں سے بھی اختلاف کرتے نظر آتے ہیں۔ ملکی سیاست اور سماجی معاملات پر کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک پورا نقشہ ہمیں اس کتاب میں مل جاتا ہے۔ جسٹس جاوید اقبال ہماری تاریخ کے ایک درخشاں کردار ہیں جنہوں نے اپنی فکر اور فلسفہ سے لاتعداد لوگوں کی فکری آبیاری بھی کی ہے اور بطور جج اپنے فرائضِ منصبی بھی احسن انداز میں نبھائے ہیں۔ بطور فرزندِ اقبال انکی رائے بہت اہم ہے لیکن اس سے ہٹ کر بھی وہ ایک مدبر اور ذہین شخصیت تھے جو اپنی الگ شناخت بنانے میں کامیاب ہوئے۔ ان کی اس فکر انگیز آپ بیتی کا مطالعہ یقیناً دلچسپی سے خالی نہیں ہوگا۔