مغربی مصنفین کی تنگ نظری اور مسلمان مورخین کی بے رخی کے باعث مسلمانوں کی سائنسی خدمات اور کارنامے پوری طرح ہم تک نہیں پہنچے ۔اس ضمن میں اگر کچھ لکھا بھی گیا تو وہ محض مسلمان اکابرین کی طب اور فلسفہ کی خدمات کا بیان تھا۔ زیرِ نظر ’’نامور مسلم سائنس دان‘‘ پروفیسر حمید عسکری کی کتاب اس کمی کو پُر کرنے کی ایک کامیاب کوشش ہے۔مصنف نے نامور مسلمان سائنسدانوں کےعلاوہ کچھ یونانی مفکرین کا بھی ذکر کیا ہے جن کے بغیر اس کتاب کی تکمیل نامکمل تھی کیونکہ یہ ہی وہ یونانی اکابرین تھے جن کی لکھی کتابوں سے فائدہ اُٹھا کر مسلمان محققین نے اپنے تجربات اور مشاھدات کے تحت سائنس میں نئے نئے نظریات اور ایجادات کو متعارف کروایا۔ مصنف کا طرز بیان نہایت سادہ ہے۔مسلمان سائنسدانوں کے ساتھ ساتھ اُن کے عہد کے سیاسی حالات، ان حالات کا علم کی ترویج پر مثبت یا منفی اثر کا بیان بھی نہایت سادہ اور دلچسپ انداز میں بیان کیا گیا ہے۔